پنجاب میں گورنر راج لگانے کی دھمکی
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں جاری سیاسی تنازعہ مزید شدت احتیار کرتا جارہا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے میں گورنر راج لگانے کی دھمکی دی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی مخالفین پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ کہ اگر میرا پنجاب میں داخلہ بند کیا گیا تو یہ اقدام گورنر راج کے نفاذ کے لیے کافی جواز ہوگا اور بقول ان کے انہوں نے اس کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے گورنر راج لگانے کی دھمکی کو احمقانہ قرار دیا ہے۔ فواد چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ احمقانہ پالیسی پر گامزن ہے اور اس کی سیاست ختم ہوکے رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تین صوبوں میں ہماری پارٹی کی حکومت قائم ہے اور اگر ہم نے ری ایکٹ کیا تو وفاقی حکومت باقی نہیں رہ سکے گی۔