عمران خان کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کا اعلان
پاکستان کی وفاقی حکومت نے حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے خلاف قانونی جنگ تیز کردی ہے اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کا فصیلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ کابینہ نے ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر دوہزار دو کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ فیصلے کے تحت حکومت تحریک انصاف کے خلاف ڈکلیریشن بھیجنے کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف غیر ملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے لہذا حکومت اس بارے یمں جلد ڈکلیریشن تیار کرکے سپریم کورٹ بھجوائے گی۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے کہا کہ وزارت قانون میں تمام آئینی وقانونی پہلوؤں کا جائزہ لیکر ڈکلیریشن کابینہ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اگر پاکستان کی سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی توثیق کردیتی ہے تو پھر عمران خان کو انتخابات کے لیے نا اہل قرار دیا جاسکتا ہے۔