Oct ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
  • سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سات اکتوبر تک خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔
عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ، تعطیل کے باوجود کھولی گئی اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کو دس ہزار روپے کے مچلکے پر سات اکتوبر تک گرفتار نہ کئے جانے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے مقدمے میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کا وارنٹ سنیچر کو جاری کیا گیا تھا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس سے قبل اس کیس میں ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کو ختم کردیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ عمران خان کے دھمکی آمیز بیان پر توہین عدالت کا کیس تو بنتا ہے لیکن دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی جاسکتیں۔ عمران خان، اسی کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے بیان پر باضابطہ معافی مانگنے کے بعد خاتون جج زیبا چودھری کی عدالت میں بھی معافی مانگنے پہنچ گئے تھے اورخاتون جج کے موجود نہ ہونے کی اطلاع پر انھوں نے کہا تھا کہ جج صاحبہ کو بتا دیا جائے کہ عمران خان معافی مانگنے کے لئے آیا تھا۔

ٹیگس