Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • عمران خان اور مریم نواز کو نگاہیں عدالتوں پر

عمران خان اور مریم نواز کو آج عدالتوں سے ریلیف ملے گی یا نہیں اس کا فیصلہ اب سے چند گھنٹوں بعد ہونے والا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:جج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر توہینِ عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیانِ حلفی منظور ہو گا یا نہیں؟ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج سماعت کے بعد اس بات کے فیصلے کا امکان ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت آج دن ڈھائی بجے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ کرے گا۔

عدالت نے آج عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر رکھی ہے۔ گزشتہ سماعت پر معافی کے بیان کو بینچ نے تسلی بخش قرار دیا تھا۔

نئے بیانِ حلفی میں عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگنے سے گریز کیا تھا تاہم عمران خان نےگزشتہ سماعت پر دیے گئے بیان پر مکمل عمل درآمد اور مستقبل میں ایسے بیانات سے گریز کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی۔

کیس کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

وکلاء، لاء افسران اور صحافیوں کی کمرۂ عدالت میں انٹری پاس سے مشروط ہے۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر بھی سماعت آج ہوگی۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی پر مشتمل 3 رکنی بنچ درخواست پر سماعت کرے گا، مریم نواز نے ہائیکورٹ سے پاسپورٹ واپس لینے کے لئے رجوع کررکھا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے 4 سال سے چودھری شوگر مل کا ریفرنس دائر نہیں کیا ہے لہٰذا عدالت رجسٹرار آفس کو مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، نیب حکام کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا پاسپورٹ نیب کو درکار نہیں ہے۔

ٹیگس