Oct ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے: عمران خان

عمران خان نے پاکستان کے جوہری پروگرام کے بارے میں امریکی صدر کے بیان کو حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدرجو بائیڈن کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ امریکی صدر کن معلومات کی بنیاد پر ہماری جوہری صلاحیت کے بارے میں اس نتیجے پر پہنچے ہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی وزارت عظمی کے عہدے پر فائز رہنے کی وجہ سے وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دنیا کے محفوظ ترین نظاموں میں شامل ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کا دوسرا سوال یہ ہے کہ دنیا بھر میں جنگوں میں ملوث رہنے والے امریکا کے برعکس پاکستان نے، خاص طور سے جوہری صلاحیت حاصل کرنے کے بعد کب جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسی کے ساتھ شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے بیان سے بقول ان کے امپورٹڈ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی بھی ثابت ہوجاتی ہے۔

مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے بھی کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام کسی بھی ملک کے لئے خطرہ نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے ۔

ٹیگس