ٹی20 ورلڈ کپ، پاکستان زمبابوے سے بھی ہار گیا
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے ایک اہم میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو ایک رن سے شکست دے دی ہے۔
سحر نیوز/ کھیل: پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اووروں میں 130 رن بنائے۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بابر اعظم 13 رن کے اسکور پر صرف 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد رضوان 23 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، جنہوں نے 14 رن بنائے تھے۔
افتخار احمد بھی ناکام ہوئے اور صرف 5 رن کا اضافہ کرکے جونگوے کا نشانہ بنے جبکہ شاداب خان نے 17 رن بنا کر شان مسعود کا کچھ دیر تک ساتھ دیا اور 88 کے اسکور پر سکندر رضا کی وکٹ بن گئے۔
حیدر علی کی ناکامیوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا اور وہ کھاتہ کھولے بغیر سکندر رضا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
شان مسعود نے 44 رن کی اننگز کھیل کر پاکستان کو اچھی پوزیشن ضرور دلا دی تھی لیکن دیگر بلے باز اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔
محمد نواز اور محمد وسیم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور آخری دو اووروں میں جیت کے لیے 22 رن درکار تھے تاہم نواز نے ایک چھکا مارا اور وسیم نے ایک چوکے کے ذریعے جیت کی امید دلائی لیکن آخری تین گیندوں میں میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔
پاکستان کو دو گیندوں پر جیت کے لیے جب 3 رن درکار تھے تو محمد نواز اونچا شاٹ کھیلنے کے چکر میں آؤٹ ہوگئے۔
شاہین شاہ آفریدی کو ایک گیند میں 3 رن بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے کی ذمہ داری ملی لیکن وہ ایک رن بنا سکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔
سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے اور تاحال کوئی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے تاہم پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رن ریٹ کی بدولت نیدرلینڈز سے ایک نمبر آگے ہے۔