Nov ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کو بدھ تک مل جائے گا نیا آرمی چیف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا نام بدھ تک سامنے آجائے گا جبکہ تعیناتی کا عمل پیر سے شروع ہوگا۔

سحر نیوز/ پاکستان: نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگلے ہفتے منگل یا بدھ تک آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو نام سمری میں پیش کئے جائیں گے اُن ہی میں سے ایک نام پر سب کا اتفاق رائے ہوگا۔

پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل پیر سے شروع ہوگا اور اسکی خصوصی تقریب انتیس نومبر کو منعقد ہوگی، اتفاق اس بات ہوا ہے کہ سمری میں مذکور کسی بھی نام پر عسکری و سیاسی قیادت اتفاق کرلے گی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار نے صدر سے ملاقات میں آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سسٹم میں فوج کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور کوئی بھی فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا۔

خواجہ آصف نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ وہ آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں، ملک کی پچھہتر سالہ تاریخ میں کسی نے اتنے الزام نہیں لگائے جتنے عمران خان نے لگائے، وہ بار بار ایک ہی بات دہرا رہے ہیں کہ نواز شریف مرضی کا آرمی چیف لارہے ہیں۔

ٹیگس