پاکستان میں نئے آرمی چیف کے انتخاب کا عمل جاری
پاکستان میں نئے آرمی چیف کے انتخاب اور تعین کا عمل جاری ہے اور حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امید اس بات کی ہے کہ صدرعارف علوی اس معاملے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کریں گے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے اور نئے آرمی چیف کی سلیکشن کی عمل 27 نومبر سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی سلیکشن کا عمل پیر کے دن سے شروع ہوگا اور منگل بدھ تک مکمل کر لیا جائے گا۔
پاکستان میڈیا نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں اور ملٹری نئے آرمی چیف کی سلیکشن کے معاملے میں ایک ہی پیج پر ہیں کیونکہ تینوں کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ دنوں میں لندن کا دورہ کیا تھا جہاں پر انہوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف سے مشاورت کی تھی اور واپسی پر اپنی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا تھا۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ پاکستان کے صدر عارف علوی نئے آرمی چیف کی سلیکشن کے نوٹیفکیشن کو 25 دن تک روک سکتے ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے صدر عارف علوی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی قسم کی بدنظمی پیدا کرنے سے گریز کریں۔
بلاول بھٹو زردای نے مزید کہا کہ یہ صدر کے لئے آخری موقع ہے اور انہیں کسی بھی قسم کی خرابی پیدا کرنے کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے پاکستانی صدر کے کردار کے حوالے سے کہا کہ اب یہ عارف علوی صاحب کا امتحان ہے کہ وہ پاکستان، اس کے آئین، قوم اور جمہوریت کے ساتھ وفادار رہیں گے یا پھر عمران خان کے ساتھ اپنی دوستی کا پاس کریں گے۔