پاکستانی سینیٹر اعظم سواتی پھر گرفتار، فوجی افسران کے خلاف بیان بازی کا الزام
متنازعہ ٹوئٹس پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا گیا۔
سحر نیوز/پاکستان: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی تین رکنی ٹیم نے اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں اعظم سواتی کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، انہیں اداروں کے خلاف مبینہ طور پر متنازع ٹوئٹس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم نے گرفتار کیا ہے۔
سینٹر اعظم سواتی پر پاکستان فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کا الزام ہے۔
اپنی گرفتاری سے چند گھنٹے قبل ہفتے کے روز راولپنڈی میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ جنہوں نے انہیں برہنہ کیا ان سے انتقام لوں گا اور جب تک ان سے انتقام نہ لیا انہیں نہیں چھوڑوں گا ۔ انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل باجوہ پر جو 29 نومبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں کڑی نکتہ چینی کی۔
گرفتاری کے دوران اعظم سواتی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ مجسٹریٹ سے وارنٹ لے کر آئے ہیں جو درست طریقہ ہے تو میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں لیکن یہ طریقہ غلط ہے کہ پہلے گرفتار کریں پھر تشدد کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اعظم سواتی کو گزشتہ ماہ 13 اکتوبر کو ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔