سیاستدان، فوج کے غیر سیاسی ہونے کے موقف سے فائدہ اٹھائیں: صدر پاکستان
پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو فوج کے ’غیر سیاسی‘ رہنے کے مؤقف سے “موقع کا فائدہ اٹھانا’ چاہیے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں تھنک ٹینک سینٹر فار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیر کی جانب سے ’اسلام آباد کنکلیو 2022‘ کے سیشن کے دوران صدر عارف علوی نے خطاب کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آرمی نے سب کے سامنے اعلان کیا ہے کہ وہ اب سیاست سے دور رہے گی لہٰذا سیاستدان اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ریٹائرمنٹ سے قبل حال ہی میں ایک بیان میں پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے تسلیم کیا تھا کہ تقریباً سات دہائیوں تک فوج نے سیاست میں میں ’غیر آئینی‘ طور پر مداخلت کی مگر اب اُس نے’غیر سیاسی‘ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاسی بحران کے حوالے صدر عارف علوی نے کہا کہ سیاستدانوں کو تمام متنازع معاملات پر بات چیت کرنی چاہیے، چونکہ کوئی بھی ایسا معاملہ نہیں ہے جس پر بات نہ کی جاسکے ۔
اس سے قبل ایوان صدر اسلام آباد میں اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا۔ صدر پاکستان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو بھی نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔اس موقع پر ملک کے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم بھی موجود تھے