پاکستان لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردانہ حملہ، 4 ہلاک، متعدد زخمی
دہشت گردوں نے گزشتہ رات لکی مروت میں برگی پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس والے ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، حملہ 45 منٹ تک جاری رہا، حملے کے وقت تھانے میں 60 پولیس والے موجود تھے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لکی مروت برگی پولیس اسٹیشن میں رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق دہشت گرد پولیس اسٹیشن میں گھسنے کی کوشش کرر ہے تھے اور حملے کے وقت پولیس اسٹیشن میں 60 پولیس اہلکار موجود تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے 45 منٹ تک جاری رہنے والے دہشت گردانہ حملے کا مقابلہ کیا جس کے بعد دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن لکی شہر سے بہت دور ہے اور شہر پہنچنے کے لئے ڈیڑھ گھنٹہ لگتا ہے۔
ابھی تک کسی گروہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن پولیس ترجمان کے مطابق یہ حملہ ٹی ٹی پی نے کیا ہے جس کے عناصر علاقے میں موجود ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
اس دہشت گردانہ واقعے کی کے پی کے چیف منسٹر نے مذمت کی اور جاں بحق ہونے والوں افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یاد کی دعا کی۔ سابق صدر آصف علی زردای نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس واقعے کی مذمت کی ہے۔