پاکستان میں الیکشن کمیشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر ملک کے الیکشن کمیشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد عمر اور فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتخابات نہ کراکے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے ۔
پی ٹی آئی کے ان دونوں رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن آج ہی کرانے کےاسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرنے سے الیکشن کمیشن نے معذرت کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تیاری نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد میں آج ہی انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے ۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت نے بھی انتخابات کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
پاکستان الیکشن کمیشن نے اسی کے ساتھ اسلام آباد میں آج ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا عدالتی فیصلہ چیلنج کردیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمرنے کہا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن سے پوچھتے ہیں کہ آپ کی تیاری کیوں نہیں تھی؟
انھوں نے کہا کہ عدالت کو چاہئے کہ الیکشن کمیشن کو فارغ کردے۔
اسد عمر نے کہا کہ لوگ صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لائن میں لگ گئے ، پی ٹی آئی کی کی ٹیمیں بھی موجود ہیں لیکن الیکشن کمیشن غائب ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رہنما فواد چودھری نے بھی کہا ہے کہ ووٹر پولنگ اسٹیشنوں کے باہر کھڑے ہیں لیکن عدالت کے واضح حکم کے باوجود الیکشن نہیں کرایا جارہا ہے۔
فواد چودھری نے مطالبہ کیا کہ عدالت اپنے فیصلے پر عمل درآمد کرائے اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان الیکشن کمیشن نے ایسی حالت میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کرلی ہے کہ لوگ مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی لائن میں کھڑے ہوگئے تھے۔