مریم نواز پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم
پاکستان کی مسلم لیگ (ن) پارٹی کی نومنتخب سینیئر نائب صدر مریم نواز نے اپنی پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے جدید تکنیک اپنانے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی میں نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد پارٹی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے پورے پاکستان کا دورہ کرنے اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کرنے کی بات کہی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہم جدید تکنیک اپنائیں گے اور جہاں ضرورت ہو گی بہتری لائیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کے عوام کی خدمت بہترین طریقے سے جاری رکھ سکے‘۔
مریم نواز نے ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا کہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی ملک کی ایسی سیاسی جماعت ہے جو پاکستان کو اس کی صلاحیت کے مکمل استعمال اور ترقی دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کو پارٹی کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کر دیا تھا۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر تھے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق مریم نواز تین ماہ سے لندن میں مقیم ہیں۔