Jan ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • محسن رضا نقوی پنجاب کے نگراں وزیر اعلی

الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کی بطور نگراں وزیراعلی پنجاب تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق محسن رضا نقوی کی تقرری کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کےلیے گورنر بلیغ الرحمان کو خط لکھ دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے معاملے پر اجلاس ہوا، جس میں 15 افسران شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن ممبران نثار درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ، جسٹس (ر) اکرام اللّٰہ خان بھی شریک ہوئے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا، نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیا گیا جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نامزد کیا تھا۔

اجلاس کے شرکاء کو سیکریٹری عمر حمید، اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ شعبوں کے ڈی جیز اور ایڈیشنل ڈی جیز کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی، اس موقع پر آئینی اور قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کا معاملہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نامزد امیدواروں پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مسلسل تناؤ اور عدم اتفاق کے سبب غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگیا۔

 

ٹیگس