مسلم لیگ ن انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گي، مریم نواز کا دعوی
مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لندن سے لاہور پہنچ گئیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے اپنی جماعت کی کامیابی کا دعوی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف جلد ہی واپس پاکستان لوٹیں گے۔ مریم نواز نے ملک کی معاشی صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور مجھے سب کو اس بات کا احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے لیکن قوم سے وعدہ کرتی ہوں کہ ہم جب تک آپ کو مشکلات سے نہیں نکال لیں گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق مریم نواز نے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ ن لیگ کو طعنے دینے والوں نے خود اپنی حکومت توڑی تھی اور اب وہی رو رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف یا شہبازشریف نے تم سے انتقام نہیں لیا بلکہ بقول مریم نوازکے، تم لوگ خود اپنے انجام کو پہنچے ہو۔