گستاخانہ مواد نہ ہٹانے پر ویکی پیڈیا پاکستان میں بلاک
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نےدنیا بھر میں آن لائن انسائیکلو پیڈیا سروس دینے والی ویب سائٹ ویکی پیڈیا کو توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر پاکستان میں بلاک کر دیا۔
سحر نیوز/پاکستان: پی ٹی اے کی جانب سے انتباہ کے باوجود توہین آمیز اور غیر قانونی مواد نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کو بلاک کیا گیا۔ اس سے قبل توہین آمیز مواد کو بلاک نہ کرنے یا نہ ہٹانے کی وجہ سے اس ملک میں وکی پیڈیا سروسز ڈی گریڈ کی گئی تھی۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مواد کو بلاک کرنے یا ہٹانے کے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا، اس کے علاوہ سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا تاہم پلیٹ فارم نے نہ تو توہین آمیز مواد ہٹانے کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔
پی ٹی اے کی ہدایات پر جان بوجھ کر عدم تعمیل کے پیش نظر وکی پیڈیا کی سروسز کو پہلے 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کیا گیا تھا اور رپورٹ کردہ مواد کو بلاک یا ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی اور واضح کیا گیا تھا کہ وکی پیڈیا کی جانب سے تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پاکستان کے اندر بلاک کر دیا جائے گا۔ تاہم دی گئی مہلت کے دوران ہدایات پر عمل نہیں کیا اور نہ ہی توہین آمیر مواد ہٹایا جس پر وکی پیڈیا کو پاکستان میں بلاک کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آزادی اظہار رائے کا ڈھونگ کرنے والے امریکہ اور مغربی ممالک میں ان دنوں رسول خدا حضرت محمد مصطفی (ص) اور آسمانی کتاب قرآن مجید اور اسی طرح اسلامی شخصیات اور رہنماوں کی توہین کی جا رہی ہے مگر عالمی سطح پر احتجاج اور مظاہروں کے باوجود وہ اپنے مذموم عزائم اور بین الاقوامی ضابطوں کے خلاف اپنے اقدامات سے باز نہیں آ رہے۔