کالعدم ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد نوشہرہ میں سی ٹی ڈی آپریشن میں ہلاک
کالعدم دہشت گرد جماعت تحریک طالبان پاکستان کے دو مطلوبہ دہشت گرد وں کےایک انٹیلی جنس آپریشن میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مارے جانے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں گزشتہ شب کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گردوں کی گرفتار کےلئے رسالپور پولیس اسٹیشن کے علاقے مصری بندہ میں چھاپہ مارا جس پر دہشت گردوں نے پولیس اہکاروں پر فائرنگ شروع کر دی اورگرنیڈکا استعمال بھی کیا۔
مقامی پولیس آفیسر کے مطابق سی ٹی ڈی کی جوابی کاروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کےلئے سرچ آپریشن علاقے میں جاری ہے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد ذیشان الیاس عثمان اور سلمان الیاس اماراتی کے ناموں سے ہوئی ہے جو مردان اور چارسدہ پولیس کو کئی دہشت گردی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔
پولیس کے بیان کے مطابق عثمان اور اماراتی سینئر میڈیکل ٹیکنیشن عبدالتواب، پولیس کانسٹیبل بلال، کانسٹیبل مزمل شاہ، کانسٹیبل زارامست کے قتل میں بھی مطلوب تھے۔