پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف
پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے ہی دیوالیہ ہوچکا ہے اور اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی اور سیاست دان سب اس کے ذمہ دار ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ایک پرائیویٹ کالج کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ چلا ہوگا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا ہے یا ڈیفالٹر بننے جا رہا ہے، یہ کام پہلے ہی ہوچکا ہے اور ہم ایک دیوالیہ ملک کے اندر جی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم ملک بننے کےلئے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا لازمی ہوتا ہے اوراس کا حل خودہمارے ملک کے اندر ہی موجود ہے اور آئی ایم ایف کے پاس پاکستان کے مسائل کا حل موجود نہیں ہے۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی اور سیاستدان سب موجودہ اقتصادی بدحالی کے ذمہ دار ہیں کیونکہ پاکستان میں قانون اور آئین کی پیروی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ میرا زیادہ تر وقت حزب اختلاف کی جماعتوں میں گزرا اور انہوں نے گزشتہ 32 سال میں سیاست کو ذلیل ہوتے دیکھا ہے۔
پاکستان میں جاری دہشت گردی کی تازہ لہر کے بارے میں بات کرتے انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ دہشت گرد سابقہ حکومت کے دور میں پاکستان لائے گئے تھے جس کا نتیجہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کی صورت میں نکلا ہے۔
پاکستان کے وزیر دفاع کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فنانس منسٹر اسحاق ڈار نے 2023 کا منی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے تاکہ حکومت کو شدت سے ضروری آئی ایم ایف کی قسط ملنے کےلئے شرائط پوری کی جاسکیں۔