Jun ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان اورہندوستان میں سمندری طوفان کے پیش نظر الرٹ جاری

پاکستان کے صوبہ سندھ اور ہندوستان کی ریاستوں گجرات اور مہاراشٹر کے ساحلوں پر سمندری طوفان بپرجوائے کے خدشے کے پیش نظر سخت الرٹ جاری کردیا گیا ہے

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان بائیپر جوائے کراچی کے جنوب میں چار سوکلومیٹر دور تک پہنچ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفان سے متعلق تازہ ترین الرٹ جاری کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان، چھے گھنٹے سے شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار، ایک سوپچاس سے ایک سو ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ حکام کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں چودہ جون سے سولہ جون کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ہدایت جاری کی ہے کہ ماہی گیر طوفان ختم ہونے تک کھلے سمندر میں نہ جائیں جبکہ طوفان کی آمد کے پیش نظر پاکستانی فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ادھر ہندوستان میں حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائیپر جوائے سے بھاری نقصان ہونے کا اندیشہ پایا جارہا ہے اور ریاست گجرات کے کچھ اور جام نگر جیسے ساحلی علاقے، اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات، آئی ایم ڈی نے طوفان بائیپر جوائے پندرہ جون کی شام کو ایک انتہائی خطرناک طوفان کی شکل میں سورا شٹر، اور کچھ، کے ساحلوں سے ٹکرا سکتا ہے جس کے دوران ایک پچاس کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں بھی چلنے کے آثار ہیں۔

ہندوستان کے ساحلی گارڈ کے آئی جی نے کہا ہے کہ طوفان کے پیش نظر ہماری تیاریاں مکمل ہیں اس درمیان اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم مودی نے بھی متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں میٹنگ کی ہے لوگوں کو ساحلی علاقوں سے دور منتقل کیا جارہا ہے۔

ٹیگس