Jul ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انتیس اور تیس جون کی درمیانی شب ٹانک کے علاقے منزئی میں پاکستانی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران پاکستانی فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا اور پھر تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

فوجی ترجمان کے مطابق فورسز نے مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک کے عمومی علاقے میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان ایک شدید جھڑپ میں مزید تین دہشت گرد ہلاک ہوئے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی اور دہشت گردکی موجودگی کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ منگل کو بھی پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی جس کے دوران مبینہ طور پر ایک دہشت گرد کمانڈر سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

ٹیگس