دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک ہی دن میں پاکستان کے 12 فوجیوں کی موت
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں دہشتگردوں کے ساتھ ہوئی جھڑپوں کے دوران بارہ فوجی جوانوں کی موت ہو گئی۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ رواں برس دہشت گردوں کے حملوں میں فوجی جوانوں کے ایک دن میں ہونے والے جانی نقصان کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے، اس سے قبل فروری 2022 میں بلوچستان ہی میں ہوئے ایک حملے میں 10 اہلکاروں کی موت ہو گئی تھی۔
گزشتہ شب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سوئی کے علاقے میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر شدت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین سپاہیوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان دی جبکہ آپریشن کے دوران دو دہشت بھی ہلاک کر دئے گئے۔
قبل ازیں ژوب گیریژن میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں نو فوجی جوانوں کی موت ہوئی تھی جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ دہشت مارے گئے تھے۔ دہشتگردوں نے ژوب گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی تھی جہاں ڈیوٹی پر موجود فوجیوں نے انہیں روکا۔
ژوب گیریژن پر حملے کی ذمہ داری خود کو تحریک جہاد پاکستان (ٹی جے پی) کہنے والی ایک کالعدم تنظیم نے قبول کرلی ہے۔