پاکستان: عمران خان کے خلاف ایک اوراہم مقدمہ درج، سنگین دفعات شامل
چیئرمن پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ایف آئی اے میں سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی ونگ میں ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں سائفر گمشدگی سے متعلق سنگین دفعات شامل کی گئیں۔
سائفر کی تحقیقات کے معاملے پر آج سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز پہنچ کر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو ایف آئی اے آفس میں آج طلب کیا گیا تھا جہاں ان سے سائفر سے متعلق معاملے پر انکوائری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل امریکی میڈیا نے عمران خان کی حکومت سے متعلق مشہور زمانہ سائفر کو افشا کیا تھا۔
امریکی ویب سائٹ دی انٹر سیپٹ نے سائفر کے متن کو شائع کرتے ہوئے خبر میں لکھا کہ اس سائفر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے پیچھے امریکی دباؤ کارفرما نظر آتا ہے کیونکہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کر دیا جائے گا۔