Aug ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran

پاکستان کے علاقے بٹگرام میں چیئر لفٹ کی رسّی ٹوٹ جانے سے کم سے کم دس اسکولی بچے اور اساتذہ پھنس گئے جن کو بچانے کے لئے فوج کمانڈوز کا آپریشن جاری ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق بٹگرام کے آلائی علاقے میں چیئرلفٹ کی رسّی ٹوٹ جانے کے بعد دس اسکولی بچے اور اساتذہ پھنس گئے ہيں جن کو بچانے کے لئے آپریشن جاری ہے اور فوج کے ہیلی کاپٹر پھنسے ہوئے لوگوں کو نجات دلانے کے لئے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں-
خراب موسم اور ہوا دباؤ کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیدا ہو رہی ہيں۔
تفصیلات کے مطابق بچے صبح سات بجے چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جا رہے تھے کہ لفٹ کی تین میں دو رسیّاں ٹوٹ گئيں جس کی وجہ سے چيئرلفٹ بلندی پر پھنس گئي۔
چیئرلفٹ میں پھنسے بچوں کی عمر دس سے تیرہ سال بتائی جا رہی ہے اور کئی گھنٹے گذرجانے کے باوجود ریسکیو آپریش جاری ہے۔
پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے خستہ حال حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئرلفٹ کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ چیئرلفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو نجات دلانے کے لئے فوری اور ہر ممکن کارروائی کی جائے۔
آخری اطلاع کے مطابق ایک بچے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور دوسرے بچوں کو نکالنے کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ٹیگس