پاکستان: عمران خان کی رہائي کا حکم لیکن پھر گرفتار
اسلام آباد ہائي کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تاہم سائفرکیس میں انہيں دوبارہ کل تک کے لئے گرفتار کرلیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پی ٹی آئی چيئرمین عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے منگل کو ان کی سزا معطل اور انہيں رہا کرنے کا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائيکورٹ نے عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرنے کا حکم دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے انصاف کی جیت قرار دیا ہے جبکہ مسلم لیگ نون اور پی ڈي ایم کے رہنماؤں نے اسلام آباد ہائيکورٹ کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کے لاڈلے ہيں، اسی لئے ان کی ماتحت عدالت اس طرح کا فیصلہ دے رہی ہے۔
دریں اثنا، توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے بعد سائفرکیس میں عمران خان کی گرفتاری ڈال دی گئی ہے اور انہيں تیس اگست یعنی کل تک کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج نے فیصلہ سنایا اور عدالت نے تحریری آرڈر اٹک جیل کے سپرنٹینڈینٹ کو بھیج دیا۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے عمران خان کو کل ذاتی حیثيت میں پیش ہونے کا بھی حکم دے رکھا ہے
۔