Sep ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۶:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ بغاوت اور خانہ جنگی کی کوشش تھی، نگراں وزیر اعظم

پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ بغاوت اور خانہ جنگی کی کوشش تھی اور اس کا ہدف موجودہ آرمی چیف اور ان کی ٹیم تھی۔

سحر نیوز/ پاکستان: کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق  پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے "جیونیوز"  کے ایک پروگرام میں کہا کہ 9 مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کو پوری دنیا نے دیکھا، عالمی اخبارات نے اس سانحہ کو رپورٹ کیا، اس طرح کی ہلڑ بازی کسی طرزِ حکومت میں قابل قبول نہیں۔ 

انوارالحق کاکڑ نے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے کہ 9 مئی کے ملزمان کے خلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے لیکن اگر ملکی قوانین کو پامال کرنے اور تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی نہ ہوئی تو ہم اس معاملے میں فریق نظر آئیں گے۔ 

اُنہوں نے مزید کہا کہ پتھر مارنے، گالیاں دینے اور عمارتیں جلانے کا حق کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پاکستان کے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کبھی وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھوں گا۔ 

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ٹی ٹی پی یا کسی بھی کالعدم تنظیم سے نمٹنے کے لئےو ریاست کے پاس مذاکرات اور فورس دونوں ٹول موجود ہیں۔ پاک ہند تجارت کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ ہندوستانی سیاست دانوں  کو کرنا ہے۔

ٹیگس