پاکستان کے نگراں وزیر اعظم نے عالمی سطح پر معاشی مساوات قائم کرنے پر زور دیا ہے
پاکستان کے نگراں وزیر اعظم نے عالمی سطح پر معاشی مساوات قائم کرنے پر زور یتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنے ہوں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اطلاعات کے مطابق نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ترقیاتی اہداف کے لئے وسائل اور سرمایہ کاری کے متعلق لیڈرز ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گيا جس سے خطاب میں پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کوترقیاتی اہداف کے حصول میں وسائل کی کمی کا سامنا ہے، اس لئے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنے ہوں گے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پائیدار ترقی کیلئے یکساں ترقی ضروری ہے ، قرض میں پھنسے ممالک کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، پانچ سو ارب ڈالرز کے ایس ڈی آرز کوقرض ادائیگی سے مشروط کیا جاسکتا ہے۔نگراں وزیر اعظم گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو اجلاس میں بھی شریک ہوئے جہاں انہوں نےکہا کہ چین کابیلٹ اینڈ روڈاقدام اورسی پیک پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول میں اہمیت کاحامل ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کل ایران کے صدر آيت اللہ ابراہیم رئیسی سے ملاقات میں دوطرفہ مسائل اورخطے کی صورت حال پرتبادلۂ خیال کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےسالانہ اجلاس میں شرکت کی غرض سے نیویارک کے دورے پر ہيں۔