پاکستان میں عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں، پاکستان الیکشن کمیشن
پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات جنوری سنہ دو ہزار چوبیس کے آخری ہفتے میں کرائے جائيں گے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اطلاعات کے مطابق پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن نے اسی کے ساتھ بتایا ہے کہ آج حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا گیا اور اس تعلق سے ابتدائی رپورٹ ستائیس ستمبر کو جاری کی جائے گی۔ پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد تیس نومبر کو حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔
پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حتمی فہرست جاری ہونے کے چون دن کے بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات ہوں گے۔پاکستان کے قومی الیکشن کمیشن نے ملک میں جنوری دو ہزار چوبیس کے اواخر میں عام انتخابات کرانے کا اعلان ایسی حالت میں کیا ہے کہ جب سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات شفاف اور جلد کرانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا تھا۔