Sep ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • سائفر کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے مقرر کردی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد ہائيکورٹ کے رجسٹرار نے آئندہ ہفتے کی لسٹ جاری کردی ہے جس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کی ضمانت کی درخواست کا کیس بھی سماعت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر کو ہوگی اور کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائيکورٹ کریں گے۔
عدالت نے کیس میں دلائل کے لئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔
اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی عمران خان کی درخواست بھی سماعت کے لئے مقرر کردی۔ اس درخواست پر سماعت پچیس ستمبر کو ہوگی۔
سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جیل میں سہولیات کی فراہمی اور اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست دے رکھی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ روز قبل درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا لیکن بعض قانونی نکات کی مزید وضاحت کے لئے عدالت نے کیس دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے۔

ٹیگس