پاکستان: نگراں وزیراعظم اورتحریک انصاف آمنے سامنے
پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام : ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے۔
تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور عمران خان مقبول ترین سیاسی قائد ہیں، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں، دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگراں وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثر انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےغیرملکی خبررساں ادارے اے پی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران عمران خان کی گرفتاری کے بعد مختلف پرتشدد واقعات کے تناظر میں کہا کہ (پی ٹی آئی) کے ہزاروں کارکن توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ سمیت غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے زیر حراست ہیں۔
نگراں وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اس امر پر زور دیا کہ انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں ہوں گے اور الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے گا۔
اپنے انٹرویو میں انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی روکنے کیلیے فوج کی مداخلت کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان اور عدلیہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عدلیہ کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کریں گے جبکہ عدلیہ کو کسی بھی سیاسی مقصد کے لیے آلہ کار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔