خون کے آخری قطرے تک فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے: پاکستانی عوام
یکجہتی فلسطین ریلی کے شرکاء نے جن کے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم تھے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
سحر نیوز/ پاکستان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام یکجہتی فلسطین ریلی چیئرنگ کراس مال روڈ سے نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی نے کی۔ یکجہتی فلسطین ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے نہتے عوام پر ہونیوالے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی اور دوسرے مقررین کا کہنا تھا کہ ناجائز ریاست اسرائیل کی جانب سے ہسپتال پر میزائل حملہ تاریخ بشریت میں سفاکیت و ظلم کی مثال بن چکا ہے، ہسپتال میں موجود سولہ سو فلسطینی شہریوں میں پانچ سو سے زائد خواتین اور بچے شامل تھے، جنہیں بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ اقوام عالم بالخصوص مسلم ریاستیں مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فوری مظلوم فلسطینیوں کی داد رسی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں، خون کے آخری قطرے تک فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج اگر مسلم ممالک متحد ہو کر اسرائیل کیخلاف کھڑے نہ ہوئے تو پھر فلسطین ختم ہو گا اور بیت المقدس کی آزادی ناممکن ہو جائے گی ۔ امریکہ کی ناجائز اولاد اسرائیل، پوری قوت کیساتھ فلسطینی عوام کی نسل کشی پر ڈھٹائی کیساتھ اپنے مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر افسوس مسلم ممالک اپنے ایمانی بھائیوں کے تحفظ کیلئے ابھی تک کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کر سکے۔