پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی سزائے موت پر صدارتی ریفرنس
پاکستان میں پیپلز پارٹی کے بانی سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر گیارہ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوگئی-
سحرنیوز/ پاکستان: اس ریفرنس پر پاکستان سپریم کورٹ میں پہلی سماعت دو جنوری دو ہزار بارہ کو اور آخری سماعت بارہ نومبر دو ہزار بارہ کو ہوئی تھی۔ پاکستان سپریم کورٹ نے گیارہ سال کے وقفے کے بعد گذشتہ ہفتے اس کیس کی سماعت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔گیارہ سال کے بعد اس ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہ میں نو رکنی لارجر بینچ کررہا ہے۔
کیس کی سماعت، پاکستان سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کی جارہی ہے۔ ریفرنس کی سماعت کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کی درخواست پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی تھی۔ ریفرنس پر آج کی سماعت کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپیلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی عدالت میں موجود تھے۔