Feb ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۴ Asia/Tehran
  • عام انتخابات کا پر امن انعقاد اولین ترجیح ہے: پاکستانی وزیر داخلہ

پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملک میں صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کوشش ہے کہ تمام پاکستانی آزادی سے حق رائے دہی استعمال کریں۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ 48 گھنٹوں کے اندر الیکشن ہونے جا رہا ہے اور کسی بھی جگہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، امیدواروں کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں ہے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یقین ہے کہ انتخابات پرامن ہوں گے، مجموعی طور پر انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے چھ لاکھ سے زائد وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس 90 ہزار 777 پولنگ اسٹیشن ہیں، 40 ہزار پولنگ اسٹشن نارمل ہیں لیکن یہاں پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ 16 ہزار 786 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے 135 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔

گوہر اعجاز نے پاکستان کے نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبۂ سندھ میں سیاسی گہما گہمی اور انتخابی جوش و ولولہ زیادہ ہے اس لئے ایسا تاثر نظر آرہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں کشیدگی ہے لیکن انتخابی مہم کے دوران ایسا ہونا فطری عمل ہے۔ صوبہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے درمیان کافی فاصلہ ہے اس لئے نتائج کے حصول میں کچھ وقت زیادہ لگ سکتا ہے، صوبے میں تمام امیدوار ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

دریں اثنا نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف ایک عشرے سے زیادہ عرصے سے لڑ رہے ہیں، پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور اکا دکا واقعات کی وجہ سے پاکستانی عوام اپنے گھروں میں نہیں بیٹھیں گے، 8 فروری کو عوام اپنا حق رائے دہی لازمی استعمال کریں گے۔

اس موقع پر مرتضی سولنگی نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن سے متعلق کئی افواہیں پھیلائی گئیں، انتخابات پرامن طریقے سے ہوں گے، عام انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک آئین کے تحت منتخب نمائندے چلائیں گے۔

 

ٹیگس