پاکستان میں کل ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں مکمل
پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل آٹھ فروری کو ہو گی، ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدوار چنیں گے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پورے پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے۔ پورے ملک میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ ڈیوٹی دے گا۔
پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی اور حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسر کے دفاتر سے جاری ہو گا، پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد جاری کیے جاسکیں گے۔
ووٹ اصل قومی شناختی کارڈ پر ہی ڈالا جا سکے گا جبکہ ووٹ ڈالنے کے لیے زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہوں گے۔
ادھر عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل شروع ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل جاری ہو گیا ہے۔
ڈی آر او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں پولنگ میٹریل متعلقہ حلقے کو دیا جا رہا ہے، پریزائیڈنگ افسران کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی ہدایات کی گئی ہیں۔