Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مرکزی کنٹرول روم غیرفعال ہوگیا

پاکستان میں موبائل فون سروس بند ہونے کے باعث جہاں شہری پریشان ہیں وہیں الیکشن کمیشن کا اپنا مرکزی کنٹرول روم بھی غیر فعال ہو گیاہے

سحرنیوز/ پاکستان : پاکستان سے موصولہ خبروں کے مطابق موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم بھی غیرفعال ہوگیا- ترجمان کنٹرول روم کے مطابق تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ ای سی پی کنٹرول روم کے ترجمان ہارون شنواری کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش کے باعث شکایات نہیں مل رہی ہیں تاہم ملک بھر میں پولنگ پرامن انداز میں جاری ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نگراں حکومت نے ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کے نگراں وزیرِ اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مزید واقعات روکنے کے لیے موبائل سروس بند کی گئی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شاہ نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش وفاقی حکومت کے اختیار میں ہے، دہشت گردی کے واقعات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے فوری موبائل فون سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس