پاکستان، انتخابات کے نتائج کا انتظار، پارٹیوں کے عجیب و غریب دعوے
پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے بلند آواز میں اور واضح طور پر فیصلہ سنادیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ عوام کے مینڈیٹ میں ہیرا پھیری کرنے کی کسی بھی کوشش کا نتیجہ عدم استحکام اور افراتفری کا باعث بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کی گرمی گزر گئی، یہ ملک کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے، نواز شریف، آصف زرداری، عمران خان، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی قیادت کو معمولی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملک کو درپیش بے پناہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ انہیں یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ تاریخ خود غرض سیاستدانوں پر مہربان نہیں ہوتی۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ کل رات میڈیا نے جان بوجھ کر الیکشن کے نتائج کا غلط تاثر پیدا کیا۔
مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ کل رات میڈیا کے ایک حصے نے جان بوجھ کر غلط تاثر پیدا کیا، جس کے برعکس ن لیگ الحمدللہ مرکز اور پنجاب میں واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔ بس کچھ ہی نتائج کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حتمی نتائج موصول ہوتے ہی نواز شریف فتح کی تقریر کرنے کے لیے ن لیگ کے مرکزی دفتر کا رخ کریں گے۔ انشاء اللہ. دیکھتے جائیں۔