بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کل پرامن احتجاج کی کال
بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کل پُرامن احتجاج کی کال دی ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان سے موصولہ خبروں کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کل پُرامن احتجاج کی کال دی ہے۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمیر نیازی نے میڈیا کوبتائی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری اور سلمان صفدر کی ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو مبارک باد دی ہے، معیشت زمین بوس ہوچکی ہے اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے، اب تمام ادارے ملک کے لیے سوچیں۔
عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے، اداروں کو عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، مکس اچار حکومت سے مسائل حل نہیں ہوں گے، 50 سیٹوں پر کوئی کیسے حکومت بنانے کا اعلان کر سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت بنائے گی، قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے نہیں ہونا چاہیے، جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے وہاں کے عوام کل دوپہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں۔