پاکستان میں انتخابی نتائج کا مکمل اعلان، دھاندلی کا بھی الزام
پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کے تقریباً تین دن بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اب تک قومی اسمبلی کی ترانوے نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کو چوہتر نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں اب تک چون قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سترہ نشستیں جیت چکی ہے۔ اسلام آباد سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں سے سامنے آنے والے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں جس کے بعد ملک کے متعدد قومی و صوبائی حلقوں کے نتائج کو روکنے اور وہاں دوبارہ گنتی کروائے جانے کی درخواستیں الیکشن کمیشن میں دائر کر دی گئی ہیں۔