Apr ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • لاہور کی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں ، فلسطینی حامیوں نے جرمن سفیر کی بولتی بند کردی( ویڈیو)

پاکستان میں فلسطین کے حامی طلبہ نے برلین کی جانب سے اسرائیل کی حمایت پر احتجاج کرتے ہوئے جرمن سفیر کو لاہور کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب نہيں کرنے دیا-

 سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے تاریخی شہر لاہور میں جنوبی ایشیا میں شہری حقوق کا تحفظ اور عدلیہ کا کردار کے عنوان سے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں یورپی ممالک کے سفیروں سمیت ملکی و بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی-

اس کانفرنس سے پاکستان کے وزیر قانون اور بعض دیگر شخصیات کے بعد جیسے ہی جرمنی کے سفیر نے آزادی بیان اور انسانی حقوق پر تقریر کرنا شروع کی، بہت سے طلبہ اٹھ کھڑے ہوئے اور احتجاج کرنے لگے- پاکستانی طلبہ ، جرمن سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ تمھیں انسانیت اور انسانی حقوق کے بارے میں بات کرنے کا حق نہيں ہے اور تمھارا ملک ، اسرائیل کے ساتھ غزہ کے عوام کی نسل کشی میں شامل ہے-

طلبہ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ غزہ کو آزاد کرو اور جرمنی شرم کرو ۔ احتجاج کرنے والے طلبہ جرمنی کے سفیر کو مخاطب کر کے کہہ رہے تھے کہ منافقت چھوڑ دو اور اس کانفرنس میں اسرائیل کے حامیوں کے لئے کوئی جگہ نہيں ہے-

طلبہ کے زبردست احتجاج کے باعث جرمن سفیر کو اپنی تقریر بیچ میں ہی روکنا پڑی ۔ طلبہ کے احتجاج کے باعث کانفرنس کا نظم و نسق درہم برہم ہوگیا جس کی بنا پر اس کا براہ راست ٹیلی کاسٹ بھی روکنا پڑا جو پاکستان کے بعض ٹی وی چینلوں سے ہو رہا تھا۔ پاکستانی طلبہ تنظیموں نے جرمنی کی جانب سے اسرائیلی مظالم کی حمایت اور کانفرنس ميں اس ملک کے سفیر کی موجودگی کی مذمت کی-

ٹیگس