May ۰۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • سانحۂ 9 مئی  کو آج ایک سال مکمل ، ممکنہ سیاسی ریلیوں کے پیش نظر اسلام آباد کا ریڈ زون سِیل

پاکستان میں سانحۂ 9 مئی کو آج ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ممکنہ سیاسی ریلیوں کے باعث سیکیورٹی کے پیشِ نظر اسلام آباد کا ریڈ زون سِیل کر دیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: ذرائع کے مطابق کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اسلام آبادکے ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی 9 مئی کے حوالے سے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے حوالے سے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے، سینئر افسران فیلڈ میں خود سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، غیر قانونی اجتماع، ریلی یا اس کی ترغیب دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے 2023 میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

 انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے جاری رپورٹ میں 9 مئی کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد مشتعل ہجوم نے املاک کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں غیر مصدقہ ہلاکتیں ہوئیں۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں 2022 کی نسبت تشدد 56 فیصد بڑھا۔

 

ٹیگس