پاکستان میں یوم آزادی کی تقریبات
پاکستان میں آج یوم آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سربز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں شاعر مشرق کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے، قائد اعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔
پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کے عوام کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اس کے علاوہ پاکستان فلسطینیوں کی بھی ان کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔
ادھر پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ذات باری تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں آزادی کی نعمت عطا کی اور حوصلہ، ہمت اور طاقت عطا کی کہ ہم ناصرف اس مملکت خداداد کا دفاع کر سکیں بلکہ اس مسلمہ حقیقت کو آنے والی نسلوں کے لیے ایک کامیاب اور عظیم مثال بنا سکیں۔