پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان
حکومت پاکستان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تیرہ روپے فی لیٹر سے زائد کمی کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں دس روپے اور ڈیزل کی قیمت میں تیرہ روپے چھ پیسے کمی کا اعلان کردیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ قیمتوں کا اعلان آئندہ پندرہ روز کے لیے کیا گیا ہے جس کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں دس روپے کی کمی کی گئی ہے اور اب پیٹرول دو سو انچاس روپے دس پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تیرہ روپے چھ پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت دوسو انچاس روپے اڑسٹھ پیسے ہو گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی گیارہ روپے پندرہ پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد کی نئی قیمت ایک سو اٹھاون روپے سینتالیس پیسے ہو گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر بارہ روپے بارہ پیسے سستا کردیا گیا ہے اور اب وہ ایک سو اکتالیس روپے ترانوے پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔