Sep ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں غیرملکی سفیروں کے قافلے پر دہشتگردانہ حملہ

پاکستان کے علاقے سوات میں غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے پر ایک دہشتگردانہ حملے میں متعدد سکیورٹی اہلکار جاں بحق و زخمی ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں غیر ملکی سفارتکار کا کاروان اُس وقت دہشتگردوں کے نشانے پر آگیا جب وہ مینگورہ سے مالم جبہ جا رہا تھا۔ اس دہشتگردانہ واقعے میں سفارتکاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم قافلے کے آگے جانیوالی پولیس وین دہشتگردوں کے بم کی زد میں آگئی جس کے باعث ایک اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تمام سفیروں نے چیمبر آف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کی تھی اور پھر اس کے بعد وہ مالم جبہ جا رہے تھے۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس قافلے میں انڈونیشیا، ایران، بوسنیا، تاجکستان، پرتگال، ترکمانستان، روانڈا، روس، زمبابوے، قازقستان اور ویتنام کے سفرا اور اتاشی شامل تھے، جبکہ ساتھ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا وفد بھی ہمراہ تھا، دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق تمام سفارتکاروں کو واپس اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔
پاکستان کے صدر آصف زرداری نے ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ میں پولیس موبائل پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر رکھا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غیرملکی سفارتکاروں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر حملے کو تشویشناک بتایا ہے۔

ٹیگس