پاکستان کیلئے ایرانی گیس پائپ لائن منصوبہ بہت اہم ہے: لیاقت بلوچ
پاکستان کو ایرانی گیس پائپ لائن پرامریکی دباؤ کا سامنا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: نائب امیرِ جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے کی تکمیل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو فوری طور پر مکمل ہونا چاہیے۔
اس سے قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بڑا اہم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ایرانی گیس پائپ لائن پر امریکی دباؤ کا سامنا ہے، اسی تناظر میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک انٹرویو میں پاکستانی فریق کے پرانے عذر کو دہرایا کہ ایران سے گیس پائپ لائن کے منصوبے کی تکمیل میں پاکستان کی راہ میں بیرونی دباؤ اور پابندیاں بنیادی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وعدے کے مطابق یہ منصوبہ ایک دہائی قبل مکمل ہونا چاہیے تھا اور یہاں تک طے تھا کہ ایرانی گیس پائپ لائن پاکستان سے گزر کر ہندوستان تک پہنچے گی۔
انہوں نے مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے کے سلسلے میں قانونی چارہ جوئی کے ایران کے حق کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا: ہم سمجھتے ہیں کہ تہران کو اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے اس معاملے کو قانونی فورمز پر اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے ورنہ وہ اپنا یہ حق کھو دے گا اور ان حالات میں پاکستان کو اس بحران سے نکلنے کے لئے نئی سفارت کاری کا آغاز کرنا ہوگا۔
خواجہ آصف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوسرے ممالک کی تجارت اور تعاون کے معاملے میں امریکہ کی دوغلی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران اور روس کے ساتھ دوسرے ممالک کے تیل کے میدان میں تعاون کا مشاہدہ کر رہے ہیں لیکن جب پاکستان کی بات آتی ہے تو ہمیں دوسروں کی بلیک میلنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کا دوست اور برادر ملک ہے اور ہمیں امید ہے کہ گیس پائپ لائن کو مکمل کرنے کا کوئی راستہ تلاش کر لیا جائے گا کیونکہ اس منصوبے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔