Oct ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کا قتل عام

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں بیس مزدور جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: بلوچستان کے علاقہ دکی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق حملے کے نتیجے میں بیس مزدور جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے، حملہ آوروں نے دس کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کر دیئے۔ دکی کے ضلع چیئرمین حاجی خیر اللہ ناصر نے کہا کہ حملے میں ہینڈ گرنیڈ اور راکٹ لانچر سمیت دیگر بڑے ہتھیار استعمال کئے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ کوئلے کی کانوں پر حملے میں اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے اس وقت تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا چا چکا ہے۔
ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے مزدوروں کو ٹولیوں کی شکل میں یکجا کرکے گولیاں برسا دیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ملک دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں.

ٹیگس