ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت ناقابل قبول، پاکستان کی وزارت خارجہ
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کو ناقابل قبول سمجھتا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: موصولہ خبروں کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ارنا کے نامہ نگار کے سوال کے جواب میں ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صیہونی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ ہم خطے کے امن و سلامتی کے خلاف جارحانہ اقدامات کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا خطے کی صورتحال اور تبدیلیوں کے بارے میں تہران اور اسلام آباد کے درمیان اعلی سطحی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور ایران اور پاکستان خطے میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی اور اتفاق رائے میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سیکورٹی فورسز پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے میں شہید ہونے والے ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اس حملے کے نتیجے میں دس پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
ممتاز زہرا نے ایران اور پاکستان کی جانب سے ایک دوسرے کے ممالک میں اپنے رابطہ افسروں کی تعیناتی کا ذکر کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ تہران اور اسلام آباد دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے گذشتہ ہفتے اسلامی جمہوریہ ایران پر صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک امن و سلامتی کے لیے ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔