Dec ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۲۷ Asia/Tehran
  • حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل

پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیرہوگيا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 2 جنوری کو بلایاجائےگا۔ آج حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا راؤنڈ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس کی سربراہی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔ مذاکرات میں حکومتی اتحاد کی جانب سے  اسحاق ڈار ، عرفان صدیقی ، رانا ثناءاللہ،  نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار شامل ہوئے۔  اس کے علاوہ اپوزیشن کی طرف سے اسد قیصر، حامد رضا، علامہ ناصر عباس مذاکراتی کمیٹی کا حصہ تھے۔ آئندہ اجلاس میں اپوزیشن مطالبات کی فہرست پیش کرے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا مطالبہ منظور کرلیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ حکومتی کمیٹی سے یہ ہماری ابتدائی ملاقات تھی، اب ہماری باقاعدہ بات چیت 2 جنوری کو ہوگی۔انہوں نے مزید حکومت نے ہمارا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانےکا مطالبہ منظور کرلیا ہے جب کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور سینیئرججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ٹیگس