ایک سونوے ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک سونوے ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی عدالت پیش نہ ہوئیں جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دو مرتبہ پیغام بھجوایا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، بشریٰ بی بی کو آج فیصلہ سنائے جانے کاعلم تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں، فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے۔ جج نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ چھ جنوری کومیں ٹریننگ پر تھا اس لیے فیصلہ نہیں سنا سکا،ملزمان کو سماعت کے دوران متعدد مواقع فراہم کئے گئے، دیگر مقدمات کی بھی سماعت کرنی ہے زیادہ انتظار نہیں کر سکتا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی، ایک سو نوے ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ اب سترہ جنوری بروز جمعہ سنایا جائے گا۔ خیال رہے کہ ایک سو نوے ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر کیا گیا ہے۔