پاکستان: سڑکوں کی مسلسل بندش سے پارا چنار میں انسانی بحران میں شدت
پاکستان کے علاقے پارا چنار کا محاصرہ بدستور جاری ہے اور وہاں انسانی بحران میں شدت آتی جارہی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پارا چنار کے محاصرے اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہر میں اشیائے خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے اور لوگوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ اس درمیان کُرم میں قیام امن کے لیےبگن کے علاقے میں آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ پارا چنار کے عمائدین نے حکومت کو تین دن کی مہلت دی تھی کہ وہ پارا چنار کا محاصرہ اور سڑکوں کی بندش کو ختم کرائے بصورت دیگر وہ آئندہ کا لائحہ عمل خود طے کریں گے - اس الٹی میٹم کے بعد انتظامیہ اور سیکورٹی فورس نے بگن میں جہاں سامان لے جانے والے قافلے کو لوٹ کر نو افراد کو شہید کردیا گيا تھا سرچ آپریشن شروع کیا ہے حکومت نے پارا چنار کے عمائدین کو یقین دہانی کرائي ہے وہ جلد سے جلد راستوں کو کلیئر کرا دے گی۔ چار مہینے سے جاری پارا چنار کے محاصرے کی وجہ سے اب تک درجنوں افراد دم توڑ چکے ہيں جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔