پاکستان اور افغانستان کا خیبر طور خم سرحد کھولنے پر اتفاق
Mar ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
پاکستان اور افغانستان 26 دن سے بند خیبر طورخم سرحد کھولنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان اورافغانستان کی سرحد پر دونوں ملکوں کی فلیگ میٹنگ ختم ہوگئی اور دونوں فریقوں نے خیبر طور خم سرحد کھولنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان یہ سرحد آج ہی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں مریضوں اور مال بردار گاڑیوں کو اس سرحد سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ، افغانستان کی جانب سے طورخم سرحد پر انفراسٹرکچر کی تعمیرات کے بعد چھبیس دن قبل یہ سرحد بند کردی تھی۔ اس دوران سرحد پر فائرنگ کی بھی خبریں موصول ہوئی تھیں۔ کشیدگی ختم کرنے کے لئے دونوں ملکوں کے عمائدین کے درمیان مذاکرات کے تین دور انجام پائے۔ پاکستان طورخم سرحد پر افغانستان کی جانب سے کسی بھی قسم کی تعمیرات کا مخالف ہے ۔