دنیا بھر میں آج کشمیری یومِ شہداء منا رہے ہیں، جذبہ حریت کی تجدید
دنیا بھر کے کشمیری آج 13 جولائی 1931 کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یومِ شہداء منا رہے ہیں
سحرنیوز/پاکستان: دنیا بھر میں آج کشمیری عوام 13 جولائی 1931 کو جامِ شہادت نوش کرنے والے 22 عظیم شہداء کی یاد میں یومِ شہداء کشمیر منا رہے ہیں۔ اس موقع پر مختلف ممالک میں دعائیہ اجتماعات، ریلیاں اور تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں جن میں شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی قیادت نے بھی اس دن کی مناسبت سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستانی صدرِ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ:
"آج کشمیری عوام جس جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں، وہ 1931 کے شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے۔ پاکستان ان کی جرأت، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔"
اسی طرح پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا:
"یومِ شہداء کشمیر ہمیں کشمیری مسلمانوں کی استقامت، مزاحمت اور غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔"
یہ دن نہ صرف کشمیریوں کی تاریخی قربانیوں کی یادگار ہے بلکہ عالمی برادری کو ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی یاد دہانی بھی کراتا ہے۔